فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا ہے کہ گرین انکلیو-I منصوبہ ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور اس کی جلد تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں
رہائشی پراجیکٹ گرین انکلیو-I کی تکمیل ترجیح ہے، دو ماہ میں اہم پیش رفت سامنے آئے گی، ڈی جی ایف جی ای ایچ اے

مزید خبریں
اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا ہے کہ گرین انکلیو-I منصوبہ ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور اس کی جلد تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں
جبکہ آئندہ دو ماہ کے دوران منصوبے میں اہم اور حوصلہ افزاء پیش رفت متوقع ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کے روز گرین انکلیو-I کے الاٹیز کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں منصوبے کی ترقیاتی سرگرمیوں، درپیش مسائل اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی جی ایف جی ای ایچ اے نے وفد کے تحفظات اور تجاویز کو غور سے سنتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ الاٹیز کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ اپنے تمام ہائوسنگ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیاری ترقیاتی کاموں کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ملاقات میں ڈائریکٹر ٹیکنیکل، ڈائریکٹر جوائنٹ وینچر، متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر ایڈمن اور منصوبے کے تکنیکی حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر منصوبے کی موجودہ پیش رفت اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈی جی ایف جی ای ایچ اے نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور ادارہ الاٹیز کو ہر اہم پیش رفت سے بروقت آگاہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔وفد نے منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل کی ذاتی دلچسپی، مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششوں اور کھلے انداز میں مشاورت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارے کی کاوشوں کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایف جی ای ایچ اے الاٹیز کے اعتماد کو اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتی ہے اور ان کے مفادات کے تحفظ، معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔








