ریئل اسٹیٹ سیکٹر ملکی معاشی ترقی کی ضمانت ہے، سردار طاہر محمود

"سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ ریئل اسٹیٹ سیکٹر ملکی معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔”

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور فیڈریشن آف ریئلٹرز پاکستان (FoRP) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کے ریئل اسٹیٹ سیکٹر کی پائیدار ترقی کے لئے اتحاد، پیشہ وارانہ مہارت اور مضبوط ادارہ جاتی نمائندگی بنیادی اہمیت رکھتی ہے،ریئلٹرز نہ صرف سرمایہ کاری کے فروغ اور لوگوں کو اپنے گھر کے خواب کی تعبیر دلانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ قومی معیشت کی مضبوطی میں بھی نمایاں حصہ ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں فیڈریشن آف ریئلٹرز پاکستان اور اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ ریئلٹرز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری زاہد رفیق تھے جبکہ اسلام آباد کے مختلف مارکیٹوں سے تعلق رکھنے والے ریئل اسٹیٹ پروفیشنلز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ ریئلٹرز صرف جائیداد کی خرید و فروخت کا ذریعہ نہیں بلکہ عوام کے قابلِ اعتماد مشیر ہوتے ہیں جو سرمایہ کاروں اور خاندانوں کو درست رہنمائی فراہم کرتے ہیں، شفافیت کو فروغ دیتے ہیں اور محفوظ سرمایہ کاری کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن اور فیڈریشن آف ریئلٹرز پاکستان نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطوں کے ذریعے متعدد اہم مسائل حل کرائے ہیں، ان اقدامات سے نہ صرف ریئل اسٹیٹ پروفیشنلز بلکہ خریداروں، فروخت کنندگان اور سرمایہ کاروں کو بھی نمایاں سہولت ملی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایک شفاف، منظم اور سرمایہ کار دوست ریئل اسٹیٹ سیکٹر ہی ملکی سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور معاشی ترقی کو نئی رفتار دے سکتا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری زاہد رفیق نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ایسوسی ایشن کی کامیابیاں اجتماعی قیادت، ادارہ جاتی تسلسل اور اراکین کے بھرپور تعاون کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے ریئلٹرز پر زور دیا کہ وہ اتحاد، دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی احترام کو فروغ دیتے ہوئے اپنے نمائندہ اداروں کو مزید مضبوط بنائیں۔آئی سی سی آئی کے کونسل ممبر چوہدری مسعود نے ملک بھر کی ریئل اسٹیٹ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سردار طاہر محمود کی قیادت میں فیڈریشن آف ریئلٹرز پاکستان قومی سطح پر ریئلٹرز کی ایک مضبوط آواز بن کر ابھری ہے، جس نے پالیسی سازی کے مختلف فورمز پر شعبے کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے سردار طاہر محمود کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت میں ریئل اسٹیٹ سیکٹر کی نمائندگی قومی اداروں میں مزید مؤثر اور مضبوط ہوئی ہے۔آئی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے سی ڈی اے امور کے چیئرمین اسرار الحق مشوانی نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے سردار طاہر محمود کی قیادت میں ایسوسی ایشن کی جانب سے سی ڈی اے، ایف بی آر اور دیگر سرکاری اداروں سے متعلق حاصل ہونے والی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔تقریب سے ملک نجیب، رانا محمد اکرم، میاں مقبول، راجہ عامر محمود، عابد بھٹی، وحید خان، چوہدری نواز بسرہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، وسیم چوہدری، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، سابق نائب صدر اشفاق چٹھہ، سینئر رکن طاہر عباسی سمیت ریئل اسٹیٹ برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔