ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کی نویں، دسویں اور گیارہویں محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو فراہم کی گئی ایمرجنسی خدمات کی رپورٹ جاری

ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے نویں، دسویں اور گیارہویں محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو فراہم کی گئی ایمرجنسی خدمات کی رپورٹ جاری کر دی۔

ایبٹ آباد۔ 29 جون (اے پی پی):ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے نویں، دسویں اور گیارہویں محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو فراہم کی گئی ایمرجنسی خدمات کی رپورٹ جاری کر دی۔ ترجمان ریسکیو 1122 مانسہرہ کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر حفیظ الرحمان نے محرم الحرام کے تمام انتظامات اور سرگرمیوں کی خود نگرانی کی، وہ مختلف جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر فیلڈ میں موجود رہے اور تمام ریسکیو آپریشنز کی قیادت کرتے رہے تاکہ عزاداروں کو بروقت اور موثر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے محرم الحرام کے دوران مجموعی طور پر250سے زائد عزاداروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، ان میں سے 10 عزاداروں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کےلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ تقریباً 240 عزاداروں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

ڈی پی او ایبٹ آباد، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد، اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد اور دیگر ضلعی افسران نے محرم الحرام کے دوران قائم کئے گئے ریسکیو 1122 کے میڈیکل کیمپوں کا دورہ کیا اور ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی خدمات اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور عوامی خدمت کے جذبہ کو قابل تحسین قرار دیا۔ ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور تربیت یافتہ ریسکیو اہلکار تینوں دن مکمل طور پر الرٹ رہے اور عزاداروں کو بروقت ایمرجنسی اور طبی امداد فراہم کرتے رہے جس پر شہریوں اور عزاداروں نے ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا۔