ریلیف کمشنر پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ، مون سون سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا گیا

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زیر صدارت پی ڈی ایم کا اہم اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا،جس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید اربن یونٹ و دیگر افسران نے شرکت کی ۔

لاہور۔20مئی (اے پی پی):ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زیر صدارت پی ڈی ایم کا اہم اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا،جس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید اربن یونٹ و دیگر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ری سٹرکچرنگ ، نالوں کی ڈی سلٹنگ سمیت تمام تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی عمر جاوید نے اجلاس کو بریفنگ دی اور کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کو جدید طرز پر لانے کیلئے تمام متعلقہ اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ سرگودھا، راجن پور، جھنگ اور مری میں وئیر ہاوسز بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں، اسی طرح فیصل آباد، میانوالی ،ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی وئیر ہاوسز قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اضلاع کی سطح پر پی ڈی ایم اے کی استعداد کار کو بڑھایا جا رہا ہے جبکہ19 اضلاع میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹس کا قیام عمل بھی میں لایا جائے گا۔ اس موقع پر ریلیف کمشنر پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پری ڈیزاسٹر اور پوسٹ ڈیزاسٹر میکانزم کو موثر بنایا جائے۔ دریائوں کے پاٹ اور رود کوہیوں کے راستوں میں موجود تجاوزات کے خلاف آپریشن کریں۔ انہوں نے تمام اضلاع کو مون سون سے قبل ندی نالوں کی صفائی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ندی نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے اور پنجاب کو فلڈ ریزیلنٹ بنانے کیلئے اقدامات مکمل انتظامات کیے جائیں ۔