ریڈ کراس کی صدر کی حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ سے ملاقات، غزہ میں لڑائی سے پیدا ہونے والے انسانی مسائل پر تبادلہ خیال

دوحہ۔21نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی تنظیم ریڈ کراس کی صدر میرجانا سپولجارک نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی ۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) نے جاری بیان میں کہا ہے کہ میرجانا سپولجارک نے اسرائیل اور غزہ میں جاری لڑائی سے پیدا ہونے والے انسانی مسائل پر پیش رفت کے لیےحماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہانیہ …

دوحہ۔21نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی تنظیم ریڈ کراس کی صدر میرجانا سپولجارک نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی ۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) نے جاری بیان میں کہا ہے کہ میرجانا سپولجارک نے اسرائیل اور غزہ میں جاری لڑائی سے پیدا ہونے والے انسانی مسائل پر پیش رفت کے لیےحماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہانیہ سے قطر میں ملاقات کی اس کے علاوہ انہوں نے قطر کے حکام سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔

آئی سی آر سی نے زور دیا ہے کہ میرجانا سپولجارک کا دورہ ان کاوشوں کا حصہ ہے جن کے تحت بین الاقوامی انسانی قوانین کی بہتر پاسداری کے لیے تمام فریقین کے ساتھ براہ راست بات چیت کی جا رہی ہے۔آئی سی آر سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میرجانا سپولجارک نے حالیہ ہفتوں میں یرغمالیوں کے اہل خانہ کے علاوہ اسرائیلی اور فلسطینی اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔آئی سی آر سی نے زور دیا کہ متاثرین کو فوری تحفظ فراہم کرنے اور غزہ پٹی میں پیدا ہونے والی تباہ کن انسانی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے مسلسل اپیل کر رہے ہیں۔

غزہ میں آئی سی آر سی کا عملہ زندگیوں کو بچانے کی غرض سے مدد فراہم کر رہا ہے اور آئی سی آر سی کی سرجیکل ٹیم (جنگ کے متاثرین) کے آپریشنز بھی کر رہی ہے۔آئی سی آر سی نے اپنے فرائض سرانجام دینے اور انہیں مزید بڑھانے کے لیے محفوظ راستے کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

بیان کے مطابق آئی سی آر سی نے یرغمالیوں سے ملاقات پر بھی زور دیا ہے تاکہ انہیں ادویات فراہم کی جا سکیں اور ساتھ ہی یرغمالیوں کا اپنے اہل خانہ کے ساتھ رابطہ کروانے کا بھی کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاہدہ ضرور ہونا چاہیے جس کے تحت آئی سی آر سی باحفاظت اپنے فرائض سرانجام دے سکے۔