زاپوریژژیا جوہری پلانٹ میں بجلی کی بندش سے جوہری تحفظ کو سنگین خطرات لاحق، آئی اے ای اے کا انتباہ

بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے )نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین کےزاپوریژژیا نیوکلیئر پاور پلانٹ میں ایک بار پھر بیرونی بجلی کی فراہمی منقطع ہونے سے جوہری تحفظ کی صورتحال انتہائی نازک ہو گئی ہے

ویانا ۔4جولائی (اے پی پی):بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے ) نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین کےزاپوریژژیا نیوکلیئر پاور پلانٹ میں ایک بار پھر بیرونی بجلی کی فراہمی منقطع ہونے سے جوہری تحفظ کی صورتحال انتہائی نازک ہو گئی ہے۔شنہوا کے مطابق آئی اے ای اے کے مطابق جمعہ کو پلانٹ کی 330 کے وی فیروسپلاونا-1 ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی، جو یوکرین بحران کے آغاز کے بعد21 مرتبہ پیش آنے والا ایسا واقعہ ہے۔ایجنسی نے بتایا کہ پلانٹ میں تعینات اس کی ماہر ٹیم کے مطابق فوجی سرگرمیوں کے باعث ٹرانسمیشن لائنوں کے حفاظتی نظام متحرک ہو گئے، جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔بیرونی بجلی منقطع ہونے کے بعد پلانٹ کے ہنگامی ڈیزل جنریٹرزخودکار طور پر فعال ہو گئے، جنہوں نے ری ایکٹروں کے کولنگ سسٹم اور دیگر اہم حفاظتی نظاموں کو بجلی کی فراہمی جاری رکھی۔آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہا کہ تازہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ پلانٹ میں جوہری تحفظ کی صورتحال انتہائی کمزور ہے، اور کسی ممکنہ جوہری حادثے سے بچنے کے لیے تمام فریقوں کو زیادہ سے زیادہ فوجی تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔واضح رہے کہزاپوریژژیا نیوکلیئر پاور پلانٹ یورپ کے سب سے بڑے جوہری بجلی گھروں میں شمار ہوتا ہے اور یوکرین بحران میں شدت آنے کے بعد سے اسے متعدد بار بیرونی بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔