ایتھوپیا کی ٹگسٹ سفا نے انجری کے باوجود برلن میراتھن جیت لی، تاہم وہ خواتین کے عالمی ریکارڈ کو توڑنے سے صرف چند منٹ کے فرق سے رہ گئیں۔ بی بی سی کے مطابق ٹگسٹ سفا نے 2 گھنٹے 11 منٹ 4 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے تاریخ کا تیسرا تیز ترین وقت ریکارڈ قائم کیا۔ 29 سالہ ایتھوپیائی ایتھلیٹ نے دوڑ کے ابتدائی مراحل میں شاندار رفتار برقرار رکھی …
زخمی ٹگسٹ سفا کی برلن میراتھن میں شاندار فتح ، عالمی ریکارڈ ٹوٹنے سے بال بال بچ گیا

مزید خبریں
برلن۔28ستمبر (اے پی پی):ایتھوپیا کی ٹگسٹ سفا نے انجری کے باوجود برلن میراتھن جیت لی، تاہم وہ خواتین کے عالمی ریکارڈ کو توڑنے سے صرف چند منٹ کے فرق سے رہ گئیں۔ بی بی سی کے مطابق ٹگسٹ سفا نے 2 گھنٹے 11 منٹ 4 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے تاریخ کا تیسرا تیز ترین وقت ریکارڈ قائم کیا۔ 29 سالہ ایتھوپیائی ایتھلیٹ نے دوڑ کے ابتدائی مراحل میں شاندار رفتار برقرار رکھی اور 15 کلومیٹر پر اپنے حریفوں سے تقریباً 1 منٹ آگے تھیں۔
35 کلومیٹر تک وہ عالمی ریکارڈ کی رفتار پر دوڑ رہی تھیں، تاہم آخری مرحلے میں ٹانگ میں تکلیف کے باعث ان کی رفتار نمایاں طور پر کم ہوگئی۔ خواتین کا عالمی ریکارڈ کینیا کی روتھ چیپنگیٹچ کے نام ہے، جنہوں نے 2024 کی شکاگو میراتھن میں 2 گھنٹے 9 منٹ 56 سیکنڈ کا وقت دیا تھا۔ تاہم چیپنگیٹچ کو 2025 میں 3 سال کی ڈوپنگ پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔ سفا نے انجری کے باوجود برلن میراتھن کا اپنا سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ انہوں نے 2023 میں 2 گھنٹے 11 منٹ 53 سیکنڈ کا وقت ریکارڈ کیا تھا۔ رواں سال لندن میراتھن میں ان کا وقت 2 گھنٹے 15 منٹ 41 سیکنڈ رہا تھا۔
ریس کے ڈائریکٹر مارک ملڈے نے ٹگسٹ سفا کی کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بیشتر دوڑ میں عالمی ریکارڈ کی رفتار پر تھیں، لیکن آخری مرحلے میں ان کے ٹینڈن میں مسئلہ پیدا ہوگیا۔ ان کے مطابق تکلیف کے باوجود ٹگسٹ سفا کا دوڑ مکمل کرنا حیران کن تھا۔ خواتین کی دوڑ میں ابتدائی 5 پوزیشنز ایتھوپیا کی ایتھلیٹس نے حاصل کیں، جبکہ بیڈاتو ہرپا دوسرے اور ڈیرا دیدا تیسرے نمبر پر رہیں۔ مردوں کی میراتھن ایتھوپیا ہی کے گوئے ادولا نے 2 گھنٹے 2 منٹ 50 سیکنڈ میں جیت لی۔








