زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے حکومت اگلے ہفتے تاریخی کسان پیکیج کا اعلان کرے گی، وزیر اعظم کی کسانوں کے مختلف وفود سے گفتگو

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے زراعت کو ملکی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شعبے کی ترقی کے لئے حکومت اگلے ہفتے تاریخی کسان پیکیج کا اعلان کرے گی، انہوں نے متعلقہ وزراء کی کمیٹی کو کسان نمائندوں کے ساتھ مل کر ان کے مسائل موثر انداز میں حل کرنے کے لئے قابل عمل سفارشات جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیر اعظم نے کسانوں کے مختلف وفود سے ان کے مسائل کے حل کے لئے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان، وزیرخوراک طارق بشیر چیمہ، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب رانا مشہود احمد خان اورمتعلقہ اعلی سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔

وزیر اعظم نے زرعی شعبہ کو ملک کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے انتہائی اہم قرار دیا اور وزراء کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ملک میں اس شعبے کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں اگلے ہفتے منعقد ہونے والی کسان کانفرنس میں تاریخی کسان پیکیج دینے کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم نے انہیں اپنے خادم اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے زرعی شعبے کی ترقی اور کسان بھائیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے یاد کرایا کہ انہوں نے کس طرح ہمیشہ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کیا اور انہیں بجلی کے بلوں کی ادائیگی، کھاد کی فراہمی اور زرعی آلات کی خریداری پر سبسڈی فراہم کی۔