زیارت ۔26دسمبر (اے پی پی):زیارت میں واقع قائداعظم ریزیڈنسی میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر ایک پروقار اور شایانِ شان تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ)، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی جبکہ قبائلی عمائدین، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے …
زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی پر یومِ قائد کی شایانِ شان تقریب،وزیر اعلیٰ بلوچستان،کور کمانڈر ،آئی جی فرنٹیئر کور اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی

مزید خبریں
زیارت ۔26دسمبر (اے پی پی):زیارت میں واقع قائداعظم ریزیڈنسی میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر ایک پروقار اور شایانِ شان تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ)، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی جبکہ قبائلی عمائدین، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے آئے معزز مہمانوں کے علاوہ مقامی شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔تقریب کے دوران مقامی بچوں نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کر کے بابائے قوم کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا جسے شرکا نے بے حد سراہا۔
اس موقع پر خطاب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قائداعظم کی بے مثال قومی خدمات، اصولی قیادت اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمان، اتحاد اور تنظیم وہ سنہری اصول ہیں جو آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔تقریب میں شریک شہریوں نے بھی بابائے قوم کے یومِ ولادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی کے لیے قائدین اور کارکنان کی عظیم قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام بھی کیا گیا۔








