زیر التوا سیکٹر ای 12اور آ ئی 12 میں انفراسٹرکچر کی تکمیل اور پلاٹس کا قبضہ جلد از جلد فراہم کیا جائے، الاٹیوں کا مطالبہ

زیر التوا سیکٹر ای 12اور آ ئی 12 میں انفراسٹرکچر کی تکمیل اور پلاٹس کا قبضہ جلد از جلد فراہم کیا جائے، الاٹیوں کا مطالبہ

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):اسلام آباد کے تعطل کا شکار رہائشی سیکٹرز ای۔12 اور آئی۔12 کے الاٹیز نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے نو تعینات چیئرمین سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکٹر ای 12اور آ ئی 12 میں انفراسٹرکچر کی تکمیل اور پلاٹس کا قبضہ جلد از جلد فراہم کیا جائے۔

یہ دونوں سیکٹرز تقریباً تین دہائیاں قبل وفاقی دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متعارف کرائے گئے تھے، تاہم ترقیاتی کام سست روی کا شکار رہنے کے باعث تاحال مکمل نہ ہو سکے۔

الاٹیز کا کہنا ہے کہ مختلف ادوار میں حکام کی جانب سے یقین دہانیاں تو کرائی گئیں، مگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں پیش رفت نہایت سست رہی۔ای۔12 الاٹیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عتیق شیخ نے نئے چیئرمین کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اب ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی قیادت سے فعال اور نتیجہ خیز حکمت عملی کی توقع ہے تاکہ الاٹیز کو زمینی سطح پر واضح پیش رفت نظر آ سکے۔سیکٹر آئی۔12 کے الاٹی طاہر محمود نے علاقے میں بنیادی سہولیات کی ابتر صورتحال کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کام نہایت سست ہیں، بجلی اور سوئی گیس کی فراہمی کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں، زمین ہموار نہیں اور سڑکیں یا تو نامکمل ہیں یا ناقص معیار کی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر لگنے والی مویشی منڈی کے باعث محدود ترقیاتی کام بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ سی ڈی اے اس منڈی کے ذریعے بھاری آمدن حاصل کرتی ہے لیکن ترقیاتی کاموں پر اخراجات اس کے مقابلے میں کم ہیں۔ایک اور الاٹی فہد حمید نے اسلام آباد میں رہائشی یونٹس کی کمی کے مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث رہائش کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ رسد اس کے مطابق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ای۔12 اور آئی۔12 جیسے سیکٹرز کی جلد تکمیل سے اس دباؤ کو کم کیا جا سکتا ہے۔الاٹیز نے نئے چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ پسماندہ سیکٹرز کو ترجیح دی جائے اور بجلی، گیس، پانی اور سڑکوں سمیت بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی کام مکمل ہوتے ہی پلاٹس کا قبضہ الاٹیز کے حوالے کیا جائے۔عتیق شیخ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے عوام کو نئی سی ڈی اے قیادت سے بہت توقعات وابستہ ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ طویل عرصے سے کیے گئے وعدوں کو عملی شکل دی جائے۔