سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اسرائیلی قابض افواج کی غیر قانونی حراست سے رہا ہو گئے ، اسحاق ڈار

سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اسرائیلی قابض افواج کی غیر قانونی حراست سے رہا ہو گئے ، اسحاق ڈار

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اسرائیلی قابض افواج کی غیر قانونی حراست سے رہا ہو گئے ہیں ،مشتاق احمد خان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے کارکنوں کے ہمراہ غزہ کے لیے امدادی مشن کے دوران گلوبل سمود فلوٹیلا سے حراست میں لیا گیا تھا۔

جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے یونانی حکام کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے یونان کے جزیرے کریٹ میں سابق سینیٹر کو سہولت فراہم کی ۔ انہوں نے ترکیہ کی قیادت اور حکومت کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیاجنہوں نے ان کی استنبول منتقلی اور وہاں سے پاکستان واپسی کے انتظامات میں تعاون کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے وزارتِ خارجہ اور ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے کی مؤثر کاوشوں کو بھی سراہاجن کی بدولت یہ پیش رفت ممکن ہوئی۔اسحاق ڈار نے فلوٹیلا پر موجود انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی غیر قانونی حراست اور غزہ کے محصور عوام کے لیے امداد کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔