ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سانگھڑ ڈاکٹر محمد فاروق آرائیں نے کہا ہے کہ ضلع سانگھڑ میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم 21 تا 24 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 5 لاکھ 13 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
سانگھڑ میں انسدادِ پولیو مہم 21 تا 24 ستمبر تک جاری رہے گی
حیدرآباد۔ 18 ستمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سانگھڑ ڈاکٹر محمد فاروق آرائیں نے کہا ہے کہ ضلع سانگھڑ میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم 21 تا 24 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 5 لاکھ 13 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فاروق آرائیں نے بتایا کہ مہم کے لیے 1,400 سے زائد پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچائوکے قطرے پلائیں گی، جبکہ 370 ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی ٹیمیں تعینات ہوں گی تاکہ سفر کرنے والے بچوں کو ویکسین سے محروم نہ رہنا پڑے۔ اس کے علاوہ 87 فکسڈ مراکز پر بھی پولیو ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام پولیو ٹیموں کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے، کولڈ چین سسٹم کی دوبارہ جانچ اور تصدیق کی گئی ہے جبکہ ویکسین اور دیگر ضروری سامان متعلقہ مراکز تک پہنچا دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد فاروق آرائیں نے والدین سے اپیل کی کہ مہم کے دوران اپنے گھر میں موجود پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کوپولیو کے قطرے لازمی پلوائیں، خواہ وہ خاندان کے بچے ہوں، مہمان ہوں یا گھریلو ملازمین کے بچے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے تاکہ کوئی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض بچے بخار یا دیگر طبی وجوہات کے باعث عارضی طور پر پولیو کے قطرے نہیں لے پاتے، تاہم طبیعت بہتر ہونے کے بعد انہیں قطرے پلائے جاتے ہیں۔ ضلع سانگھڑ میں ہر پولیو مہم کے دوران انکاری کیسز کی شرح صفر رہی ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ ضلع سانگھڑ میں پولیو کا آخری کیس اکتوبر 2024 میں رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد الحمدللہ تقریباً دو سال سے ضلع پولیو سے پاک ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کی کوشش ہے کہ آئندہ بھی پولیو وائرس کو ضلع میں داخل ہونے سے روکا جائے۔








