سردار ایاز صادق کی بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ میں شرکت،اہل خانہ سے اظہارتعزیت

ڈھاکہ ۔31دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی پاکستان سردار ایاز صادق نے بدھ کو یہاں سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم بیگم خالدہ ضیاء کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ ڈھاکہ کے ہوائی اڈے پر بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے سپیکر قومی اسمبلی کا استقبال کیا۔سپیکر قومی اسمبلی مرحومہ کی رہائش گاہ پر گئے جہاں پر انہوں نے ان کے بیٹے طارق رحمان اور بیٹی سے تعزیت کی …

ڈھاکہ ۔31دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی پاکستان سردار ایاز صادق نے بدھ کو یہاں سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم بیگم خالدہ ضیاء کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ ڈھاکہ کے ہوائی اڈے پر بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے سپیکر قومی اسمبلی کا استقبال کیا۔سپیکر قومی اسمبلی مرحومہ کی رہائش گاہ پر گئے جہاں پر انہوں نے ان کے بیٹے طارق رحمان اور بیٹی سے تعزیت کی ۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے مرحومہ خالدہ ضیاء کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان، پارلیمنٹ، حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے تعزیت کی۔

انہوں نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء کی بنگلہ دیش کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔سپیکر قومی اسمبلی کا مرحومہ بیگم خالدہ ضیاء کی نمازجنازہ میں شرکت کے لیے ڈھاکہ کا دورہ وزیر اعظم، حکومت، پارلیمنٹ اور پاکستانی عوام کی جانب سے ان کو دی جانے والی عزت اور احترام کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء پاکستان کی مخلص دوست تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء کے دور حکومت کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا۔

دورے کے دوران بنگلہ دیش کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر خلیل الرحمان اور لاء اینڈ جسٹس کے ایڈوائزر آصف نذرول نے بھی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور باہمی مفادات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔سپیکر قومی اسمبلی کے بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے دورے کے دوران تعزیتی کتاب میں تاثرات قلم بند کرنے کے لیے بیرونی ممالک سے آئے ہوئے وزرائے خارجہ اور دیگر اعلیٰ وفود کے نمائندے موجود تھے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر خود چل کر سپیکر قومی اسمبلی کے پاس گئے اور مصافحے کے دوران اپنا تعارف کروایا اور سپیکر قومی اسمبلی سے کہا کہ وہ ان کی شخصیت سے واقف ہیں۔

یہ رابطہ پاک-بھارت مئی 2025ء کی جنگ کے بعد بھارت کی جانب سے پہلا نمایاں اعلیٰ سطح کارابطہ تھا۔ بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مرحومہ بیگم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں بلند درجات عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ اور بنگلہ دیش کے عوام کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمائے۔