سعودی طلبہ کی ٹیم نے انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ 2026 میں پانچ بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کرلیے

سعودی عرب کے طلبہ کی ٹیم نے انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ 2026 میں پانچ بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کرلیے ۔ایس پی اے کے مطابق فزکس اولمپیاڈ 4 سے 12 جولائی تک کولمبیا میں منعقد ہوئے جن میں 87 ملکوں کی نمائندگی کرنے والے 381 طلبہ نے شرکت کی۔

ریاض ۔13جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کے طلبہ کی ٹیم نے انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ 2026 میں پانچ بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کرلیے ۔ایس پی اے کے مطابق فزکس اولمپیاڈ 4 سے 12 جولائی تک کولمبیا میں منعقد ہوئے جن میں 87 ملکوں کی نمائندگی کرنے والے 381 طلبہ نے شرکت کی۔اولمپیاڈ میں الشرقیہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے عبدالرحمٰن العرفج نے سلور، الشرقیہ کے محمد محمود الرمل، الاحسا کے رضا سالم الخمیس اور ریاض کے حسین حبیب نے براونز میڈل جیتے جبکہ ریاض جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ناصر ہشام الشائع نے تعریفی سند حاصل کی۔ان طلبہ کا انتخاب، موہبہ انٹرنیشنل اولمپیاڈ پروگرام کے ذریعے کنگ عبدالعزیز اینڈ ہز کمپینینز فاؤنڈیشن فار گفٹڈ اینڈ کری ایٹیویٹی (موہبہ) اور وزارت تعلیم کی شراکت داری سے کیا گیا تھا۔اولمپیاڈ میں حصہ لینے والے طلبہ سال بھر تربیتی مراحل سے گزرتے ہیں جن میں مقامی اور بین الاقوامی تربیتی کیمپوں کے ساتھ تھیوری اور عملی تیاری کے متعدد مراحل شامل ہیں تاکہ انٹرنیشنل ایونٹس کے لیے اپنی تیاری کو بڑھایا جا سکے۔انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں مملکت نے اب تک 57 اعزازات اپنے نام کیے ہیں ان میں 8 سلور، 26 براونز میڈل جبکہ 23 تعریفی اسناد شامل ہیں۔علاوہ ازیں سعودی عرب نے دنیا کے دو معتبر ترین سائنسی مقابلوں انٹرنیشنل بیالوجی اور میتھمیٹکس اولمپیاڈ میں شرکت کے لیے سعودی طلبہ کی ٹیمیں بھیجی ہیں جو انٹرنیشنل ایجوکیشنل اولمپیاڈ میں اپنی موجودگی کو مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ سعودی طلبہ کی ٹیم لیتھوانیا میں ہونے والے انٹرنیشنل بیالوجی اولمپیاڈ اور چین کے شہر شنگھائی میں انٹرنیشنل میتھمیٹکس اولمپیاڈ میں شرکت کرے گی۔