یوراگوئے کے سابق فارورڈ ڈیاگو فورلان قومی فٹ بال ٹیم کے عبوری کوچ کا چارج سنبھالنے کے لئے یوراگوئن فٹ بال ایسوسی ایشن (اے یو ایف)کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔
یوراگوئے کے ڈیاگو فورلان کے قومی ٹیم کے عبوری کوچ بننے کے لئے مذاکرات جاری

مزید خبریں
مونٹیویڈیو۔13جولائی (اے پی پی):یوراگوئے کے سابق فارورڈ ڈیاگو فورلان قومی فٹ بال ٹیم کے عبوری کوچ کا چارج سنبھالنے کے لئے یوراگوئن فٹ بال ایسوسی ایشن (اے یو ایف)کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔ شنہوا کے مطابق یہ پیش رفت جون میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے گروپ سٹیج میں یوراگوئے کے باہر ہونے کے بعد ہیڈ کوچ مارسیلو بییلسا کے عہدہ چھوڑنے کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔ اس تجویز کے تحت ڈیاگو فورلان ستمبر، اکتوبر اور نومبر میں شیڈول 6 دوستانہ میچوں (فرینڈلیز) کی نگرانی کریں گے اور ساتھ ہی انڈر 20 ٹیم کا چارج بھی سنبھالیں گے۔ اے یو ایف کے صدر اگناسیو الونسو کا کہنا ہے کہ سال کے آخر یا آئندہ سال کے شروع میں ایک مستقل مینیجر کا تقرر کیا جائے گا اور فورلان اس ذمہ داری کے لئے پرجوش ہیں تاہم ابھی کچھ معاملات پر بات چیت باقی ہے جس کے لئےجلد ہی دوبارہ ملاقات ہوگی۔47 سالہ ڈیاگو فورلان کا شمار یوراگوئے کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران مانچسٹر یونائیٹڈ، ویاریال، اٹلیٹکو میڈرڈ اور انٹر میلان جیسے بڑے کلبوں کی نمائندگی کی۔ انہوں نے یوراگوئے کی طرف سے 112 میچوں میں 36 گول سکور کیے اور 2010 کے ورلڈ کپ میں 5 گول کر کے ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچانے پر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ‘گولڈن بال’ ایوارڈ بھی جیتا تھا۔ ان کے پاس کوچنگ کا تجربہ بھی موجود ہے جس میں وہ یوراگوئن کلبوں پینارول اور اتیناس کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔







