کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے منصفانہ مؤقف اور جائز جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے ، صدرآصف علی زرداری کا یومِ شہدائے کشمیر پرپیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر 1931ء میں ڈوگرہ افواج کی فائرنگ میں شہید ہونے والے 22 کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی روشن علامت ہیں۔

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ یومِ شہدائے کشمیر پر 1931ء میں ڈوگرہ افواج کی فائرنگ کا سامنا کرتے ہوے جام شہادت نوش کرنے والے 22 کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

یومِ شہدائے کشمیر پر ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اس دن، پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر 1931ء کے شہداء کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ کشمیری عوام اب بھی بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ آج بھی نو لاکھ سے زائد بھارتی قابض افواج جموں و کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے کشمیری عوام کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کشمیری عوام کی منفرد شناخت مٹانے اور انہیں اپنی ہی سرزمین پر اقلیت میں تبدیل کرنے کی ایک اور کوشش تھی۔ ان اقدامات کے بعد کشمیری عوام کے جذبات کو مجروح کرتے ہوئے، بھارت نے یومِ شہدائے کشمیر کی سرکاری تعطیل، جو 1948ء سے ہر سال منائی جاتی تھی، ختم کردی۔ بھارت نے مزارِ شہداء پر روایتی گارڈ آف آنر کی تقریب بھی بند کر دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج، ہم1931ء کے شہداء اور اس منصفانہ جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے تمام بے گناہ کشمیریوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے، بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں جبر و استبداد فوری طور پر بند کرے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کرے، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، فوجی محاصرہ ختم کرے اور مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششوں سے باز آئے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے اور جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کے لیے ان تمام کوششوں کی حمایت کرے جو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ شہدائے کشمیر کو جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے اور وہ دن جلد لائے جب جموں و کشمیر کے عوام آزادانہ اور پُرامن طریقے سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق سے استفادہ کر سکیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے منصفانہ مؤقف اور جائز جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

مزید خبریں