وزیراعظم شہباز شریف کی ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں پانچ بے گناہ مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں پانچ بے گناہ مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

لاہور۔12جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ہاتھوں پانچ بے گناہ مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ اور بزدلانہ فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے انسانیت سوز جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم کے لیے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن ایسے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید خبریں