چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے 13 جولائی 1931ء کے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں کشمیری عوام کی انصاف، وقار اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی روشن اور لازوال علامت ہیں۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا 13 جولائی 1931ء کے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش

مزید خبریں
اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، نے 13 جولائی 1931ء کے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانیاں کشمیری عوام کی انصاف، وقار اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی ایک لازوال علامت ہیں۔
اتوار کوکشمیر یومِ شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سری نگر سنٹرل جیل کے باہر جامِ شہادت نوش کرنے والے 22 کشمیریوں نے غیر معمولی جرات، استقامت اور اپنے حقوق کے لیے بے مثال عزم کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں آج بھی نسل در نسل کشمیری عوام کے لیے حوصلے اور عزم کا سرچشمہ ہیں اور ان کی جدوجہد کی یاد تازہ کرتی ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا پُرامن اور دیرپا حل، اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔چیئرمین سینیٹ نےعالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ، انصاف کے قیام اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔انہوں نے کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقوق کے حصول کی جائز جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔







