وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ شہدائے کشمیر کو جموں و کشمیر کے عوام کے عزم، جرات اور استقامت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنے جائز حقِ خودارادیت اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ثابت قدمی سے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستان کشمیری عوام کی ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ شہدائے کشمیرپر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یومِ شہدائے کشمیر کو جموں و کشمیر کے عوام کے عزم، جرات اور غیر متزلزل استقامت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنے جائز حق اور امنگوں کے حصول کے لیے ثابت قدمی سے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستان کشمیری عوام کی اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں مکمل یکجہتی کے ساتھ ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے،جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل پر ہے۔ آج پیر کو یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ یومِ شہدائے کشمیر ہر سال 13 جولائی کو ان 22 کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے جنہوں نے 1931ء میں سری نگر میں پرامن مظاہرین پر ڈوگرہ انتظامیہ کی فائرنگ کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی عظیم قربانی جموں و کشمیر کے عوام میں سیاسی شعور کی بیداری، وقار، بنیادی حقوق اور اپنی شناخت کے حصول کی جدوجہد میں ایک تاریخ ساز سنگ میل ثابت ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یومِ شہدائے کشمیر، جموں و کشمیر کے عوام کے عزم، جرات اور غیر متزلزل استقامت کی علامت بھی ہے، جس نے نسل در نسل کشمیری عوام کو انصاف کے حصول اور اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھنے کی تحریک دی ہے۔ اس بنیادی حق کے لیے ہر قربانی دینے کا جذبہ آج بھی جموں و کشمیر کی تاریخی جدوجہد کی سمت متعین کر رہا ہے اور اس کی شناخت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں شدید عسکری محاصرے، مسلسل جبر و استبداد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود کشمیری عوام کے عزم میں کوئی لغزش نہیں آئی۔ من مانی گرفتاریوں، سیاسی اختلافِ رائے کو دبانے، ذرائع ابلاغ پر قدغنیں عائد کرنے اور مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی و سیاسی تشخص کو تبدیل کرنے کی کوششوں کو بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے مختلف اداروں نے بارہا دستاویزی شکل دی ہے اور ان کی مذمت کی ہے۔ اس کے باوجود جموں و کشمیر کے عوام اپنے جائز حق اور امنگوں کے حصول کے لیے ثابت قدمی سے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان جموں و کشمیر کے تمام شہداء کی جرات، استقامت اور عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔ ان کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کو اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے ہمیشہ حوصلہ اور عزم فراہم کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کے لیے اپنی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔ ہم کشمیری عوام کی اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں مکمل یکجہتی کے ساتھ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں جیسا کہ متعلقہ قراردادوں میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے تسلیم کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل پر ہے، جو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔







