سعودی عرب،رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں خلاف ورزیوں پر 5 ریکروٹمنٹ دفاتر معطل ، 7 کے لائسنس منسوخ

سعودی عرب کی وزارتِ افرادی قوت نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں مختلف قوانین کی خلاف ورزیوں پر 5 ریکروٹمنٹ دفاتر کو معطل اور 7 کے لائسنس منسوخ کر دیئے۔

ریاض۔13جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارتِ افرادی قوت نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں مختلف قوانین کی خلاف ورزیوں پر 5 ریکروٹمنٹ دفاتر کو معطل اور 7 کے لائسنس منسوخ کر دیئے۔ اردو نیوز کے مطابق وزارت نے گزشتہ روز بیان میں بتایا ہے یہ کارروائی ریکروٹمنٹ دفاتر اور کمپنیوں کے ریگولیٹری معائنے کے بعد کی گئی۔ مختلف شہروں میں قائم افرادی قوت درآمد کرنے والے 7 اداروں کو وارننگ جاری کی تھی کہ وہ مقررہ مدت کے دوران اپنے قانونی امور درست کرلیں، ناکامی پر ان کے لائسنس منسوخ کیے گئے۔ ریکروٹمنٹ ضوابط اور لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں، صارفین کو رقم کی واپسی میں تاخیر اور شکایات کو دور کرنے میں ناکامی پر کارروائی کی گئی۔ وزارت نے کہا کہ تفتیشی ٹیمیں مستقل بنیادوں پر مختلف شہروں میں قائم ریکروٹمنٹ دفاتر اور کمپنیوں کے امور کی نگرانی جاری رکھیں گی تاکہ صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ اور خلاف ورزی پر اداروں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ وزارت نے صارفین پر زور دیا کہ وہ مساند قومی پورٹل کے ذریعے فراہم کی جانے والی مصدقہ خدمات سے استفادہ کریں، پورٹل پر جانچ اور شکایات کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

مزید خبریں