سعودی عرب، ریاض ریلوے کے بلیو ٹریک پر الداخلیہ اور المربع سٹیشنز پر ٹرانسپورٹ سروس شروع

ریاض۔10دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض شہر کے لیے رائل کمیشن نے ریاض میٹرو پراجیکٹ کے بلیو ٹریک کے اندر وزارت داخلہ اور المربع سٹیشنز کھولنے کا اعلان کیا ہے۔العربیہ اردو کے مطابق ریاض میٹرو نے گزشتہ ہفتے اپنے مسافروں کوسروس کی فراہمی کا آغاز کیا تھا۔ اس سروس کے فعال ہونے پر شہریوں اور رہائشیوں کی ایک بڑی تعداد نے ریاض ریلوے سے سفر شروع کیا۔ مسافروں …

ریاض۔10دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض شہر کے لیے رائل کمیشن نے ریاض میٹرو پراجیکٹ کے بلیو ٹریک کے اندر وزارت داخلہ اور المربع سٹیشنز کھولنے کا اعلان کیا ہے۔العربیہ اردو کے مطابق ریاض میٹرو نے گزشتہ ہفتے اپنے مسافروں کوسروس کی فراہمی کا آغاز کیا تھا۔

اس سروس کے فعال ہونے پر شہریوں اور رہائشیوں کی ایک بڑی تعداد نے ریاض ریلوے سے سفر شروع کیا۔ مسافروں نے اس منصوبے کو دارالحکومت میں نقل و حمل کے نظام میں ایک معیاری قدم قرار دیا۔دوسرا ٹریک ریڈ لائن اور پانچواں ٹریک گرین لائن 15 دسمبرکو فعال کیے جائیں گے، تیسرا ٹریک اورنج لائن پر5 جنوری 2025 پر تمام چھ ٹرینوں پر سروس فعال کی جائے گی۔ریاض میٹرو پراجیکٹ ریاض شہر میں عوامی نقل و حمل کے نیٹ ورک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس کے علاوہ شہر کے ٹرانسپورٹیشن سسٹم کے عناصر میں سے ایک اہم عنصر ہے۔ حال ہی میں اس پراجیکٹ کا افتتاح کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے حوالے سے تیار کی گئی ایک دستاویزی فلم خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو دکھائی گئی تھی۔یہ ایک ایسے نیٹ ورک پر مشتمل ہے جس میں 176 کلومیٹر کی لمبائی کے ساتھ 85 سٹیشنز شامل ہیں۔