سعودی عرب میں عالم اسلام کے دوسرے مقدس ترین مقام مسجد نبوی کی لائبریری نے حج 2026 کے اختتام کے بعد مدینہ منورہ پہنچنے والے حجاج اور زائرین کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ۔
سعودی عرب ،مسجد نبوی کی لائبریری نے حجاج اور زائرین کے لیے اپنے دروازے کھول دیے

مزید خبریں
مدینہ منورہ۔12جون (اے پی پی):سعودی عرب میں عالم اسلام کے دوسرے مقدس ترین مقام مسجد نبوی کی لائبریری نے حج 2026 کے اختتام کے بعد مدینہ منورہ پہنچنے والے حجاج اور زائرین کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ لائبریری بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں کو ایک پرسکون ماحول میں وسیع علمی وسائل اور تعلیمی خدمات تک رسائی کی کی سہولت فراہم کرتی ہے۔یہ اسلامی دنیا کی قدیم ترین وقف لائبریریوں میں سے ایک ہے جو صدیوں پرانے علمی دستاویزی ذخیرے کی نمائندگی کے ساتھ ریسرچرز، طلبہ اور سکالرز کے لیے خصوصی خدمات فراہم کرتی ہے۔مرکزی لائبریری مسجد کے مغرب کی جانب سیڑھی نمبر دس کے قریب واقع ہے جبکہ خواتین ریسرچرز کے لیے یہ مخصوص سہولت شمال کی جانب گیٹ 24 اور شمال مغرب کی جانب گیٹ 12 کے قریب موجود ہیں۔لائبریری میں ایک وسیع علمی ذخیرہ بھی موجود ہے جس میں تقریباً چار ہزار اصل مخطوطات، تقریباً 60 ہزار ڈیجیٹل اور تصویری مخطوطات، ملٹی میڈیا فارمیٹ میں 4 ہزار 600 اور قرآن پاک کے 250 سے زائد ہاتھ سے لکھے ہوئے نادر نسخے شامل ہیں۔خصوصی سیکشن جیسے مخطوطات ہال، نایاب کتب کا سیکشن اور آڈیو لائبریری بھی زائرین کی معاونت کے لیے دستیاب ہیں۔جدید ڈیجیٹل کیٹلاگنگ سروسز، محقین کو مواد آسانی سے تلاش کرنے میں معاون ہیں جو علمی اسلامی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے اس کے مشن کو سپورٹ کرتی ہیں۔







