سعودی ڈاکٹر حنان بلخی مشرق وسطی میں عالمی ادارہ صحت کی ریجنل ڈائریکٹر مقرر

ریاض ۔12اکتوبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت نے سعودی ڈاکٹر حنان بلخی کو مشرق وسطی میں اپنا ریجنل ڈائریکٹر مقرر کر دیا۔العربیہ نیٹ کے مطابق قاہرہ میں منعقدہ عالمی اداراہ صحت کی ریجنل کمیٹی کے 70 ویں سیشن میں گزشتہ روز ہونے والی ووٹنگ میں ڈاکٹر حنان بلخی کا انتخاب عمل میں آیا۔ اس حوالے سے سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ مشرق وسطی …

ریاض ۔12اکتوبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت نے سعودی ڈاکٹر حنان بلخی کو مشرق وسطی میں اپنا ریجنل ڈائریکٹر مقرر کر دیا۔العربیہ نیٹ کے مطابق قاہرہ میں منعقدہ عالمی اداراہ صحت کی ریجنل کمیٹی کے 70 ویں سیشن میں گزشتہ روز ہونے والی ووٹنگ میں ڈاکٹر حنان بلخی کا انتخاب عمل میں آیا۔

اس حوالے سے سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ مشرق وسطی کے لیے عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر کے طور پر ڈاکٹر حنان بلخی کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی خواتین مختلف شعبوں میں قائدانہ اور منفرد کردار ادا کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حنان بلخی کا انتخاب اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ہماری قیادت سعودی خواتین کو بااختیار بنانے کے سلسلے میں پرعزم ہے اور قیادت کو سعودی خواتین کی استعداد پر مکمل بھروسہ ہے۔ ڈاکٹر حنان بلخی نے کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی سے ایم بی بی ایس اور کیس ویسٹرن ریزرو یونیورسٹی سے فیلو شپ کی ہے اور کنگ سعود بن عبدالعزیز یونیورسٹی برائے ہیلتھ سائنسز میں بچوں کے متعدی امراض کی پروفیسر رہ چکی ہیں۔

ڈاکٹر حنان بلخی کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی میں متعدی امراض کے انسداد کے شعبے کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، کنگ عبداللہ انٹرنیشنل میڈیکل ریسرچ سینٹر میں متعدی امراض کے شعبے کی چیئرپرسن اور عالمی ادارہ صحت میں اینٹی بائیوٹک کوآپریٹو سینٹر کی ڈائریکٹر بھی رہ چکی ہیں۔