سلامتی کونسل کی جنوبی لبنان میں امن مشن کے اہلکار کے قتل کی مذمت

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یو این آئی ایف آئی ایل) پر ہفتے کو ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے،جس میں ایک امن اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہو گئےجن میں 2 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

اقوام متحدہ۔21اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یو این آئی ایف آئی ایل) پر ہفتے کو ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے،جس میں ایک امن اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہو گئےجن میں 2 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ شنہوا کے مطابق سلامتی کونسل کے ارکان کی جانب سے جاری پریس بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس حملے کی فوری تحقیقات کرے تاکہ ذمہ داران کو بغیر کسی تاخیر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے اور متعلقہ ملک کو پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے۔ ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ امن اہلکاروں کو کبھی نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور فرانس کے ساتھ یکجہتی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یو این آئی ایف آئی ایل) کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے مطابق امن اہلکاروں اور تنصیبات کی حفاظت، سکیورٹی اور نقل و حرکت کی آزادی کو یقینی بنائیں۔

سلامتی کونسل کے اراکین نے لبنان کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی یکجہتی کے لیے اپنے پختہ عزم کا بھی اعادہ کیا اور تمام فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عمل درآمد کریں اور 16 اپریل کو طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی پابندی کریں۔