سندھ حکومت کا 19ویں سندھ گیمز 16تا 19اپریل سکھر میں منعقد کرانے کا فیصلہ

کراچی۔ 04 مارچ (اے پی پی):سندھ حکومت نے 19ویں سندھ گیمز 16 تا 19 اپریل سکھر میں منعقد کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت سندھ سیکرٹریٹ میں منعقدہ اہم اجلاس میں 19ویں سندھ گیمز 16سے 19اپریل تک سکھر میں منعقد کرانے کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں سکھر میں سندھ گیمز کے انعقاد …

کراچی۔ 04 مارچ (اے پی پی):سندھ حکومت نے 19ویں سندھ گیمز 16 تا 19 اپریل سکھر میں منعقد کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت سندھ سیکرٹریٹ میں منعقدہ اہم اجلاس میں 19ویں سندھ گیمز 16سے 19اپریل تک سکھر میں منعقد کرانے کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں سکھر میں سندھ گیمز کے انعقاد اور تھر جیپ ریلی کے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ عید کے فورا بعد ڈویژنل سطح پر سندھ گیمز کے ٹرائلز 24 تا 29 مارچ تک منعقد کیے جائیں گے جبکہ ٹرائلز مکمل ہونے کے بعد منتخب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 11 سے 15 اپریل تک لگایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ گیمز کی افتتاحی تقریب 16 اپریل کو جبکہ اختتامی تقریب 19 اپریل کو منعقد ہوگی۔وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے ہدایت کی کہ تمام مقابلے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر منعقد کیے جائیں تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سندھ نیشنل گیمز کی طرح 19ویں سندھ گیمز کو بھی کامیاب بنائے گی۔اس موقع پر سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے بتایا کہ 19ویں سندھ گیمز میں 40سے زائد کھیل شامل ہوں گے، جن میں صوبے بھر سے گرلز اور بوائز کھلاڑی حصہ لیں گے۔

اجلاس میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر، ڈائریکٹر اسد اسحاق، چیف انجنیئر اسلم مہر، سیکشن افسر علی ڈنو گوپانگ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداران احمد علی راجپوت اور اصغر بلوچ نے شرکت کی۔