سنگاپور کا پاسپورٹ 2026 میں دنیا کا طاقتور ترین قرار
سنگاپور کا پاسپورٹ 2026 میں دنیا کا طاقتور ترین قرار
سنگاپور ۔7اگست (اے پی پی):سنگاپور نے 2026 میں دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ تازہ ترین ہینلی پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ رکھنے والے افراد پیشگی ویزا کے بغیر دنیا کے 192 ممالک اور علاقوں کا سفر کر سکتے ہیں۔
العربیہ کے مطابق ہینلی پاسپورٹ انڈیکس اس بات کی بنیاد پر درجہ بندی کرتا ہے کہ کسی ملک کے شہری بغیر پیشگی ویزا کتنی منزلوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
اسی وجہ سے اسے عالمی سطح پر سفری آزادی کا ایک اہم اشاریہ سمجھا جاتا ہے۔جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے، جہاں کے پاسپورٹ ہولڈرز 188 ممالک اور علاقوں میں بغیر پیشگی ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
یہ درجہ بندی عالمی سفری آزادی کے میدان میں ایشیائی ممالک کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی بھی عکاسی کرتی ہے۔یورپی ممالک نے بھی بدستور نمایاں پوزیشن برقرار رکھی۔ناروے، سوئٹزرلینڈ اور یورپی یونین کے کئی رکن ممالک کے شہری 180 سے زائد ممالک میں بغیر پیشگی ویزا داخل ہو سکتے ہیں، جس کا سہرا علاقائی تعاون اور دوطرفہ سفری معاہدوں کو جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران غیرمعمولی پیش رفت کی۔ اس عرصے میں اماراتی پاسپورٹ کے لیے 153 نئی ویزا فری منزلیں شامل ہوئیں، جس کے نتیجے میں یہ دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس میں شامل ہو گیا۔








