برن۔2جنوری (اے پی پی):سوئٹزرلینڈ کے تفریحی مقام کرینز-مونٹانا کے شراب خانے میں آتشزدگی سے ہلاک ہونے والوں میں بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں ، کئی زخمیوں کو علاج کے لئے ہمسایہ ممالک منتقل کیا گیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے حکام نے کہا ہے کہ وہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کی شناخت کو اولین ترجیح دے رہے ہیں تاکہ ان …
سوئٹزرلینڈ تفریحی مقام پر آتشزدگی سے ہلاک ہونے والوں میں بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاح شامل ، زخمی علاج کے لئے پڑوسی ممالک منتقل

مزید خبریں
برن۔2جنوری (اے پی پی):سوئٹزرلینڈ کے تفریحی مقام کرینز-مونٹانا کے شراب خانے میں آتشزدگی سے ہلاک ہونے والوں میں بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں ، کئی زخمیوں کو علاج کے لئے ہمسایہ ممالک منتقل کیا گیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے حکام نے کہا ہے کہ وہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کی شناخت کو اولین ترجیح دے رہے ہیں تاکہ ان کے لواحقین کو طویل انتظار سے بچایا جا سکے۔سوئس پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد کی شناخت میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔
یورپی یونین کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ طبی امداد فراہم کرنے کے لیے سوئس حکام سے رابطے میں ہے جبکہ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کہا کہ کچھ زخمیوں کو فرانسیسی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جن کو یہاں علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا کہ زخمیوں میں 9فرانسیسی شہری شامل ہیں اور 8 دیگر لاپتہ ہیں۔اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے بتایا کہ آتشزدگی میں لگ بھگ 15 اطالوی شہری زخمی ہوئے اور اتنی ہی تعداد میں لاپتہ ہیں۔ابتدائی معلومات کے مطابق آتشزدگی سے متاثر ہونے والے شراب خانہ ایک فرانسیسی جوڑے کا تھا تاہم ان سے تاحال رابطہ نہیں ہو سکا۔
کرینز-مونٹانا ویب سائٹ کے مطابق شراب خانے میں 300 افراد کے علاوہ اس کی چھت پر مزید 40 افراد کی گنجائش تھی تاہم شعلوں کی لپیٹ میں آنے والے افراد کی صحیح تعداد ابھی تک واضح نہیں اور پولیس نے بھی یہ واضح نہیں کیا کہ کتنے افرادلاپتہ ہیں۔مقامی پولیس کمانڈر فریڈرک گیسلر نے کہا کہ حکام متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ مختلف سفارت خانوں سے بھی قریبی رابطے میں ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ واقعے کے متاثرین میں غیر ملکی شہری شامل ہیں ۔ سوئس حکام کے مطابق اس واقعے میں دہشت گردی یا تخریب کاری کے امکانات نظر نہیں آرہے۔
عینی شاہدین کے مطابق شراب خانے میں آگ شیمپین کی بوتلوں پر لگائے گئے سپارکلرز کے شراب خانے کی چھت کے قریب لے جائے جانے کی وجہ سے لگی ۔ لوگوں نے مرنے والوں کی یاد میں جائے حادثہ پر گلدستے رکھ اور شمعیں روشن کیں۔ سوئس حکام کے مطابق مقامی ہسپتالوں میں ایمرجنسی یونٹ بھر جانے کے بعد بہت سے زخمیوں کو سوئٹزرلینڈ اور پڑوسی ممالک میں منتقل کیا گیا،حادثے میں 40 افراد ہلاک اور 115 کے قریب زخمی ہوئے ۔








