سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے تین میٹرز منقطع کر دیئے۔
سوئی گیس ٹاسک فورس کی ملتان میں کارروائیاں

مزید خبریں
ملتان۔ 07 اپریل (اے پی پی):سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے تین میٹرز منقطع کر دیئے۔ منگل کو ترجمان کے مطابق جنرل منیجر کی ہدایت پر کیے گئے حالیہ آپریشن کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 60 مقامات کی چیکنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں قواعد کی خلاف ورزی پر 3 گیس میٹر منقطع کر دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ایک میٹر الٹا نصب پایا گیا جسے فوری طور پر کاٹ دیا گیا، جبکہ دو میٹرز کمرشل استعمال میں ہونے کے باعث ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے اور انہیں بھی منقطع کر دیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد نہ صرف گیس چوری کی روک تھام ہے بلکہ گیس پریشر میں بہتری، صارفین کو بلا تعطل فراہمی اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ بھی یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر جنرل منیجر سوئی گیس ملتان نے کہا کہ صارفین کی جان و مال کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گیس استعمال سے قبل لیکیج کی صورت حال ضرور چیک کریں اور اگر گیس کی بو محسوس ہو تو فوری طور پر دروازے اور کھڑکیاں کھول دیں اور کسی بھی برقی یا گیس سے چلنے والے آلے کو ہرگز آن نہ کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ گیس چوری اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ صارفین کو محفوظ، معیاری اور مسلسل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔








