سوات خودکش حملہ بزدلانہ اور انسانیت دشمن کارروائی ہے، طارق فضل چوہدری

"وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے سوات میں ہونے والے خودکش حملے کو بزدلانہ اور انسانیت دشمن کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔”

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سوات میں احتجاج کے دوران پولیس اسٹیشن کے باہر ہونے والا خودکش حملہ انتہائی سفاکانہ، بزدلانہ اور قابلِ مذمت ہے، معصوم شہریوں اور اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا انسانیت دشمنی کی بدترین مثال ہے۔

اتوار کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اس المناک سانحے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہوں۔ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد از جلد مکمل صحت یاب کرے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا فرمائے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد چاہے کسی بھی روپ میں ہوں، ان کا انجام شکست ہی ہے،پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہے۔