سوہنا پنجاب پروگرام کے تحت 342 دیہات میں 124 سکیموں پر کام جاری

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک جائزہ اجلاس کے دوران بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کا سوہنا پنجاب پروگرام کے تحت342 دیہات میں 124 سکیموں پر کام جاری ہے۔

لاہور۔13مئی (اے پی پی):وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک جائزہ اجلاس کے دوران بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کا سوہنا پنجاب پروگرام کے تحت342 دیہات میں 124 سکیموں پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ نے بھی شرکت کی جبکہ پنجاب ر ورل میونسپل سروسز کمپنی کے سی ای او نے مثالی گائوں پروگرام میں اب تک ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلی مثالی گائوں پروگرام کے پہلے مرحلے میں485 دیہات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ باقی ماندہ دیہات میں بھی شہروں جیسی سہولیات کی فراہمی کا کام جلد شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیز ون کی تکمیل سے دیہات کی39 لاکھ آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیراعلی مریم نواز نے60 ارب روپے لاگت کی منظوری دی ہے۔ اگلے مالی سال کے بجٹ میں مزید فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے رفتار اور معیار دونوں کا خیال رکھنے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ متعلقہ اضلاع کے انتظامی افسران باقاعدگی کے ساتھ سائٹس کے دورے کریں۔ دسمبر 2026 تک مثالی گائوں کا پہلا مرحلہ مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے مزید7500 دیہات کو اس پروگرام میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔ دیہات میں پانی کے روایتی چھپڑوں کی بحالی یقینی بنائی جائے گی۔ گلیوں کی پختگی کے علاوہ سٹریٹس لائٹس لگانے کا کام بھی ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں سیوریج سسٹم بچھانے سے صاف ستھرا ماحول تشکیل پائے گا۔ ذیشان رفیق نے وزیراعلی مریم نواز کی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مثالی گائوں کی تکمیل سے دیہات کے مکینوں کو بھی شہروں جیسی خدمات مہیا ہو سکیں گی۔