سيبس یونیورسٹی جامشورو نے گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس پروگرام میں 100 فیصد ہدف حاصل کر لیا

شہید اللہ بخش سومرو (سابس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز جامشورو نے گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس پروگرام کے فیز-I اور فیز-II میں سو فیصد ہدف کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے

حیدرآباد۔ 02 جولائی (اے پی پی):شہید اللہ بخش سومرو (سابس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز جامشورو نے گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس پروگرام کے فیز-I اور فیز-II میں سو فیصد ہدف کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے جس کے نتیجے میں یونیورسٹی کو پروگرام کے فیز-III کے لیے مزید 500 طلبہ کی نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ نئے مرحلے کے تحت سيبس یونیورسٹی کے طلبہ کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کا موقع ملے گا جن میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سائبر سیکیورٹی، آئی ٹی آٹومیشن، ڈیٹا اینالیٹکس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اینڈ اِی کامرس، اور پائتھن/جاوا ڈویلپمنٹ جیسے جدید اور انتہائی مطلوب شعبے شامل ہیں۔

اس سے قبل یونیورسٹی کو فیز-I میں 150 جبکہ فیز-II میں 300 طلبہ کی نشستیں فراہم کی گئی تھیں۔ دونوں مراحل کی کامیاب تکمیل کے بعد سيبس یونیورسٹی سے مجموعی طور پر 450 طلبہ مختلف شعبوں میں گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس حاصل کر چکے ہیں، جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور تیزی سے فروغ پاتی ڈیجیٹل معیشت میں روزگار کے بہتر مواقع میسر آئے ہیں۔ گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس پروگرام سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، محکمہ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیک ویلی پاکستان کے باہمی اشتراک سے شروع کیا گیا ایک اہم اقدام ہے، جس کا مقصد یونیورسٹی طلبہ کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل مہارتیں اور کیریئر پر مبنی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ جدید روزگار کی منڈی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔

فیز-III کے آغاز کے موقع پر وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ سندھ میں آن لائن مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی جہاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، محکمہ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیک ویلی اور سندھ بھر کی سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز کی مشترکہ کاوشوں اور عزم کو سراہتے ہوئے اس پروگرام کی کامیابی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ سيبس یونیورسٹی جامشورو کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے یونیورسٹی کی آئی ٹی ٹیم، اساتذہ اور طلبہ کو ایک بار پھر مقررہ ہدف حاصل کرنے اور پروگرام کے اگلے مرحلے کے لیے مزید 500 نشستیں حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ان کی محنت، لگن اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات طلبہ کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں حاصل کرنے، ان کے کیریئر کے مواقع کو وسعت دینے اور عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے قابل بناتے ہیں۔