اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے پاکستان اور اردن کے درمیان سٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کے فروغ ، علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی مفید تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت ،سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا …
سٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کے فروغ اور علاقائی و عالمی فورمز پر باہمی مفید تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے پاکستان اور اردن کے درمیان سٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کے فروغ ، علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی مفید تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت ،سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات میں علاقائی سلامتی، امن کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران بات چیت میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے ساتھ ساتھ معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے، علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان اور اردن کے درمیان پائیدار دوستی کے ثبوت کے طور پر اجاگر کیا۔ شاہ عبداللہ دوم نے غزہ تنازعہ کے ساتھ ساتھ جنگ بندی کے بعد غزہ میں استحکام اور انسانی ہمدردی کی کوششوں میں اردن کے کردار کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کی تعریف کی۔ فلسطین کے معاملے پر دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی کے بعد غزہ کے حوالے سے پاکستان اور اردن کے اصولی مؤقف بشمول غزہ سے فلسطینیوں کی کسی بھی نقل مکانی کے حوالے سے کسی بھی سمجھوتے سے گریز کو تسلیم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے شرم الشیخ میں دستخط ہوئے غزہ امن معاہدے کے حوالے سے آٹھ عرب اسلامی ممالک، جو امریکہ کے ساتھ مل کر غزہ میں جنگ بندی پر کام کر رہے ہیں ،کے درمیان روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کے پڑوس بالخصوص افغانستان اور بھارت میں ہونے والی حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا۔ شاہ عبداللہ دوم نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران گرمجوشی سے مہمان نوازی پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ تقریب میں دونوں رہنماؤں نے شرکت کی۔ میڈیا، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔ وزیر اعظم نے شاہ عبداللہ اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔








