سٹیٹ بینک پارلیمنٹ کے ایوان بالا کی گولڈن جوبلی کے موقع پر 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرے گا

State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):سٹیٹ بینک پارلیمنٹ کے ایوان بالا کی گولڈن جوبلی کے موقع پر 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرے گا۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سینیٹ آف پاکستان جو کہ آئینی طور پر ہاؤس آف فیڈریشن ہے، پاکستان کی دو ایوانوں پر مشتمل پارلیمنٹ کی قانون سازی کا بالائی چیمبر ہے کی تشکیل کی 50 سال مکمل ہونے پر 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا جائے گا ۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سینٹ آف پاکستان میں پاکستان کے تمام صوبوں کو مساویانہ نمائندگی دی گئی ہے، یہ ایک مستقل ایوان ہے جو قومی امور کے پروسیس میں تسلسل کی علامت ہے۔ 2023ء پاکستان کے سینٹ کی گولڈن جوبلی کا سال ہے۔ اس خصوصی موقع کی مناسبت سے وفاقی حکومت نے سٹیٹ بینک کو 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔ یہ یادگاری سکہ 17 مارچ 2023ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے تمام تبادلہ کاؤنٹرز سے جاری کیا جائے گا۔50 روپے کے یادگاری سکے کی شکل گول ہے جسے 30.0 ملی میٹر سمت کے ساتھ نقش کیا گیا ہے، اس کا وزن 13.5 گرام اور یہ تانبے اور نکل کے دھاتی اجزا ( تانبا 75 فیصد اور نکل 25 فیصد) پرمشتمل ہے۔

سکے کے سامنے کے رخ کے درمیان میں بڑھتا ہوا ہلالی چاند اور پانچ نوکوں پر مشتمل ستارہ دیا گیا ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ سکے کے دائرے کے ساتھ چاند ستارے کے اوپر ’’ اسلامی جمہوریہ پاکستان ‘‘ کے الفاظ اردو سکرپٹ میں کندہ کیے گئے ہیں۔ چاند کے نیچے اور گندم کی اوپر کو اٹھتی ہوئی دو شاخوں کے اوپر سکے کے اجرا کا سال تحریر ہے۔ سکے کی ظاہری مالیت ’50‘ابھرے ہوئے اعداد میں اور ’روپیہ ‘ اردو سکرپٹ میں بالترتیب چاند ستارے کے دائیں اور بائیں جانب تحریر کیے گئے ہیں۔

سکے کی پچھلی طرف اور سکے کے مرکز میں سینیٹ آف پاکستان کے امتیازی نشان کو 50 کے فنکارانہ عددی الفاظ کے ساتھ دیا گیا ہے جو اس کے دائیں جانب ہے۔ اس امتیازی نشان کے اوپر دائرے کے ساتھ اردو سکرپٹ میں ’’ پاکستان سینیٹ گولڈن جوبلی‘‘ کے الفاظ کندہ ہیں۔ سینیٹ کے امتیازی نشان کے نیچے گولڈن جوبلی کی مدت (1973-2023) درج ہے۔