سپریم کورٹ کی تنازعات کے متبادل حل کے عالمی مباحثے میں شرکت
سپریم کورٹ کی تنازعات کے متبادل حل کے عالمی مباحثے میں شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان نے تنازعات کے متبادل حل (ADR) کے عالمی مباحثے میں فعال شرکت کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر عدالتی اصلاحات اور تنازعات کے متبادل حل کے نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق استنبول، ترکیہ میں منعقد ہونے والے “جوڈیشل ڈسپیوٹ ریزولوشن سمپوزیم” میں پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ نے شرکت کی۔
یہ کانفرنس امریکی محکمہ تجارت کے کمرشل لا ڈیولپمنٹ پروگرام (CLDP) اور استنبول آربٹریشن سینٹر (ISTAC) کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔دو روزہ اجلاس میں مختلف ممالک کے سینئر ججز، قانونی ماہرین اور جوڈیشل اکیڈمیز کے نمائندوں نے شرکت کی جس میں اے ڈی آرنظام کے فروغ، عدالتی معاونت سے ثالثی و مصالحت کے ماڈلز اور بین الاقوامی قانونی فریم ورک سے ہم آہنگی جیسے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔سپریم کورٹ آف پاکستان کی نمائندگی جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی، جنہوں نے مختلف سیشنز میں پاکستان کے اے ڈی آر نظام میں جاری اصلاحات، عدالتی کارکردگی میں بہتری، زیر التوا مقدمات میں کمی اور انصاف تک رسائی کے فروغ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
اجلاس میں جوڈیشل ٹریننگ اکیڈمیوں کے نمائندوں کے لیے ایک خصوصی راؤنڈ ٹیبل بھی منعقد کیا گیا، جس میں اے ڈی آر نصاب کی بہتری، خصوصی تربیتی ماڈیولز کی تیاری اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپریم کورٹ کے مطابق اس شرکت کا مقصد نہ صرف عالمی عدالتی تجربات سے استفادہ کرنا ہے بلکہ پاکستان کے اصلاحاتی ماڈلز اور بہترین عملی تجربات کو بین الاقوامی سطح پر پیش کرنا بھی ہے۔








