سپین ، جنگلات میں لگی آگ سے اموات 13 ہوگئیں

سپین کے جنوب مشرقی صوبے المیریا میں جنگلات میں لگی آگ سےاموات کی تعداد 13 ہو گئی ہے، جبکہ علاقائی حکام نے اعلان کیا ہے کہ آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔

میڈرڈ۔13جولائی (اے پی پی):سپین کے جنوب مشرقی صوبے المیریا میں جنگلات میں لگی آگ سےاموات کی تعداد 13 ہو گئی ہے، جبکہ علاقائی حکام نے اعلان کیا ہے کہ آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔شنہوا کے مطابق 7 زخمی اب بھی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔سپین کے سرکاری نشریاتی ادارے RTVE کے مطابق آگ سے متاثر ہونے والوں میں بڑی تعداد غیر ملکی شہریوں کی ہے۔یہ آگ جمعرات کو جنوبی سپین کی کمیونٹی اندلس کے صوبہ المیریا میں لاس گایاردوس کے قریب بھڑکی، جس سے تقریباً 7 ہزار ہیکٹر رقبہ جل کر خاکستر ہو گیا۔حکام کے مطابق 10 لاپتا افراد کا اب تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

علاقائی انتظامیہ نے بتایا کہ آگ کی شدت کم ہونے کے بعد ہنگامی صورتحال کی سطح میں کمی کر دی گئی ہے اور باقی ماندہ تقریباً ایک ہزار بے گھر افراد کو اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی ہے، جبکہ تقریباً 600 افراد کو ہفتے کو ہی واپسی کی اجازت مل گئی تھی۔آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ بجلی کے کھمبے یا تار کے گرنے سے لگی۔اندلس کے علاقائی سربراہ خوانما مورینو نے کہا کہ آگ کا پھیلاؤ رک چکا ہے اور اسے محدود کر دیا گیا ہے، تاہم اسے مکمل طور پر قابو میں آنے اور بجھ جانے کا اعلان کرنے سے پہلے مزید کام کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اندلس کی حالیہ تاریخ میں جنگلات میں لگنے والی شدید ترین آگ ہے اور عوام و حکام پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کو انتہائی سنجیدگی سے لیں، کیونکہ اس کے باعث آگ کے واقعات زیادہ پیچیدہ اور بڑے پیمانے پر سامنے آ رہے ہیں۔

مزید خبریں