سپین کا گلوبل صمود فلوٹیلا کے تحفظ کے لئے جنگی بحری جہاز بھجنے کا اعلان

نیویارک۔25ستمبر (اے پی پی):امدادی سامان لے کر غزہ جانے والے بحری جہازوں کے قافلے گلوبل صمود فلوٹیلا پر ڈرون حملے کے بعد سپین نے فلوٹیلا کی حفاظت کے لئے جنگی بحری جہاز بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ العربیہ اردو کے مطابق سپین نے کہا ہے کہ غزہ کے بے گھر، قحط زدہ اور زیر محاصرہ شہریوں کے لئے جانے والے بین الاقوامی فلوٹیلا بحری جہاز کو تحفظ دیں گے اور …

نیویارک۔25ستمبر (اے پی پی):امدادی سامان لے کر غزہ جانے والے بحری جہازوں کے قافلے گلوبل صمود فلوٹیلا پر ڈرون حملے کے بعد سپین نے فلوٹیلا کی حفاظت کے لئے جنگی بحری جہاز بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ العربیہ اردو کے مطابق سپین نے کہا ہے کہ غزہ کے بے گھر، قحط زدہ اور زیر محاصرہ شہریوں کے لئے جانے والے بین الاقوامی فلوٹیلا بحری جہاز کو تحفظ دیں گے اور اس مقصد کے لیے سپین اپنی بحریہ کا ایک جنگی جہاز بھی روانہ کرے گا۔

سپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے نیو یارک میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہمارے شہری جو فلوٹیلا کا حصہ ہیں ان کے تحفظ اوران کے وقار کا احترام کیا جانا چاہیے اور انہیں بحر متوسط میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وہ ضروری ریسکیو مشنز کے لئے جمعارت کو ایک کشتی راوانہ کریں گے جو اس فلوٹیلا بحری جہاز کے تحفظ اور بچاؤ کے لیے ہوگی۔

واضح رہے کہ فلوٹیلا کو راستے میں جگہ جگہ مختلف طریقوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اسرائیل نے کھلے عام اسے روکنے کی کھلی دھمکی دے رکھی ہے۔ یونان سے نکلنے کے بعد فلوٹیلا بحری جہاز پر ڈرون حملہ کیا جا چکا ہے۔ یاد رہے کہ فلوٹیلا میں 45 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کارکنوں کے علاوہ کئی ممالک کے سابق اور موجودہ ارکان پارلیمنٹ بھی شامل ہیں۔

فلوٹیلا میں 51 بحری جہاز شامل ہیں جو انسانی حقوق کے کارکنوں کو لے کر غزہ کے لیے کئی ہفتوں سے بحری سفر میں ہیں۔ اب تک ان کشتیوں پر یونان سے 30 سمندری میل کی دوری پر 12 مرتبہ ڈرون حملے کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اسرائیل نے غزہ میں کارروائیوں میں اب تک 65 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا ہے اور یہ نسل کشی جاری ہے۔