سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے افغانستان کے سفیر شکراللہ عاطف مشال کی ملاقات دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن کی صورتحال ، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد ۔ 16 جون (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں تعینات افغانستان کے سفیر شکراللہ عاطف مشال نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سپیکر نے افغان سفیر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، …

اسلام آباد ۔ 16 جون (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں تعینات افغانستان کے سفیر شکراللہ عاطف مشال نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سپیکر نے افغان سفیر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔سرحد کی دونوں جانب کی عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا رشتہ پایا جاتا ہے،سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم اورخوشحال افغانستان دیکھنے کا خواہاں ہے۔ پر امن ،مستحکم اور خوشحال افغانستان خطے کے امن و سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستان خطے اور عالمی پارٹنرز کے ساتھ مل کر افغانستان میں پائیدارامن کے قیام کے لیے کو شاں ہے۔ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔دونوں ممالک کے اراکینِ پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پاک افغان تجارت کے باعث دونوں ملکوں کو فوائد حاصل ہوںگے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چار دہائیوں 37 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ معاشی، اقتصادی اور علاقائی ترقی کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔پاکستان خطے میں امن کے قیام سمیت خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ اس موقع پر دونوں پارلیمان کی تجارت اور صنعت کی قائمہ کمیٹیوں کے مابین روابط قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔طبی مقاصد کے لیے افغان شہریوں کو ویزا کے اجراء کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔افغان شہری اس سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ افغان سفیر نے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان نے افغان مہاجرین کی جس طرح مہمان نوازی کی ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔افغانستان خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ افغانستان پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواں ہے۔افغانی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ محبت اور خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں۔افغان سفیر نے پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا سے قیمتی جانون کے نقصان پر گہرے دکھ ،افسوس اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔افغان عوام کورونا وبا کے مرض میں مبتلا پاکستانی بھائیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہے۔دونوں ممالک کے مابین تجارت کے بہترین مواقع میسر ہیں جن سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں پارلیمانی سفارتکاری اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

مزید خبریں