سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اظہار

اسلام آباد ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، تعلیم و تربیت اور زندگی کی تمام تر ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے …

اسلام آباد ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، تعلیم و تربیت اور زندگی کی تمام تر ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر کیا جو ہر سال 3 دسمبر کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کےلئے حکومت کی طرف سے احساس پروگرام کا اجراءاسی سلسلہ کی کڑی ہے، اس پروگرام کے تحت معاشرے کے دیگر پسے ہوئے طبقات کے ساتھ ساتھ خصوصی افراد کو سہولیات کی فراہمی کےلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ بھی خصوصی افراد کو درپیش مسائل سے بخوبی آ گاہ ہے، ان سے متعلق قانون سازی زیر غور ہے۔ انہوں نے خصوصی افراد کےلئے سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹہ ہر سختی سے عملدرآمد کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک جسمانی معذوری کی وجہ سے انہیں نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئے، ان کے اندر مخفی صلاحیتوں کو نکھارکر انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق کا خیال رکھنا اور ان سے پیار، محبت اور شفقت سے پیش آنا ہم سب پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تھوڑی سی توجہ ان کی زندگیوں کو خوشیوں سے بھر سکتی ہے۔