سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس سےملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال

ڈھاکہ۔31دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے درمیان بدھ کو ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق ملاقات میں سپیکر سردار ایاز صادق نے سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے انتقال پر اظہار تعزیت بھی کیا اور کہا …

ڈھاکہ۔31دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے درمیان بدھ کو ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق ملاقات میں سپیکر سردار ایاز صادق نے سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے انتقال پر اظہار تعزیت بھی کیا اور کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام آپ کے غم میں برابر کی شریک ہیں ۔

ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کو فروغ دینے پر زور دیا ۔ سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کی پارلیمنٹ میں پاکستان بنگلہ دیش فرینڈ شپ گروپس کے قیام کی بھی تجویز دی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد یونس نے کہا کہ پاکستان سے اپنے تعلقات کو غیر معمولی اہمیت دیتے ہیں ۔سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ میں آپ کے شرکت کرنے پر حکومت پاکستان اور عوام کے شکرگزار ہیں ، پاکستان کے ساتھ پارلیمانی سمیت تمام شعبوں میں مضبوط تعلقات کو فروغ دیں گے۔

بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کےلیے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے، اعلی سطح کے روابط سے تعلقات مزید بہتر ہوں گے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے بہترین مواقع ہیں، اعلی سطح کے وفود کے دوروں سے تعاون کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ اس موقع پر بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر نے وزیر اعظم شہباز شریف کےلیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا ۔