سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کو بگٹی قبائل کے آٹھویں چیف کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کو بگٹی قبائل کے آٹھویں چیف کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میر سرفراز احمد بگٹی کا چیف کے طور پر انتخاب بگٹی برادری کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز میر سرفراز بگٹی …

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کو بگٹی قبائل کے آٹھویں چیف کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میر سرفراز احمد بگٹی کا چیف کے طور پر انتخاب بگٹی برادری کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز میر سرفراز بگٹی کی سیاسی بصیرت، قائدانہ صلاحیتوں اور بلوچستان کے عوام کی سماجی و معاشی فلاح و بہبود کے لیے ان کی مسلسل خدمات کا اعتراف ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا بطور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے صوبے میں ترقی، تعلیم کے فروغ اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامع ترقی اور سیاسی استحکام کے حوالے سے ان کا وژن ان کی بالغ نظری اور بلوچستان کو درپیش چیلنجز کی گہری فہم کا مظہر ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان اس وقت بھارتی سرپرستی میں ہونے والی فتنہ الخوارج اور سرحد پار دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے جو امن و ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میر سرفراز احمد بگٹی بلوچستان کے عوام، پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے سمیت پورے ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔سپیکر نے میر سرفراز احمد بگٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بگٹی قبائل کے چیف کی حیثیت سے وہ مزید عزم اور اعتماد کے ساتھ صوبے کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور بلوچستان میں اتحاد و یکجہتی، سیاسی استحکام اور امن و امان کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔