سپیکر قومی اسمبلی سے ایرانی سفیر کی پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات، پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عسکری قیادت کو ایران امریکا امن معاہدہ کے لئے کامیاب سفارتکاری پر مبارکباد دی
سپیکر قومی اسمبلی سے ایرانی سفیر کی پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات، پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عسکری قیادت کو ایران امریکا امن معاہدہ کے لئے کامیاب سفارتکاری پر مبارکباد دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں انہوں نے ایران امریکا امن معاہدے پر ایرانی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی اعتماد کے فروغ کی جانب ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم ہے، ایران امریکا امن معاہدہ علاقائی و عالمی سطح پر امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایرانی سفیر نے ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کے لیے پاکستان کی حکومت، پارلیمان اور سفارتی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عسکری قیادت کو ایران امریکا امن معاہدہ کے لئے کامیاب سفارتکاری پر مبارکباد پیش کی۔ایرانی سفیر نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور امن معاہدے کے حصول میں پاکستان کی سیاسی، پارلیمانی، سفارتی، سول اور عسکری قیادت کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک۔
ایران دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، پارلیمانی روابط کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی سفیر نے اپنے وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی – ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام پاکستان کی پارلیمان، حکومت، عسکری قیادت اور عوام کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور امن معاہدے کےلئے مخلصانہ کردار کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔








