سکیورٹی تعاون کے معاملہ پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں ، ہماری کاوشوں سے القاعدہ اور دیگر دہشت گرد گروپوں کے خاتمے میں مدد ملی ، ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ

اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ سکیورٹی تعاون کے معاملہ پر امریکی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں، مختلف موضوعات پر دونوں ممالک کی بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتائی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم سکیورٹی تعاون کے معاملہ پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں …

اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ سکیورٹی تعاون کے معاملہ پر امریکی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں، مختلف موضوعات پر دونوں ممالک کی بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتائی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم سکیورٹی تعاون کے معاملہ پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس امر کو سراہا جانا چاہئے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ بہت زیادہ حد تک اپنے وسائل سے لڑی جس پر 15 برسوں میں 123 ارب ڈالر سے زائد لاگت آئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے اور خطے میں وسیع تر استحکام کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھانے کے لئے پرعزم ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہماری کاوشوں سے القاعدہ اور دیگر دہشت گرد گروپوں کے خاتمے میں مدد ملی ہے جنہوں نے افغانستان میں غیر حکمرانی والے علاقوں کا فائدہ اٹھایا اور امن و استحکام کے لئے خطرات پیدا کئے۔ ترجمان نے کہا کہ پائیدار امن کے حوالے سے کاوشیں باہمی احترام اور ثابت قدمی کی متقاضی ہیں۔ افغانستان میں داعش جیسے نئے اور مزید خطرناک گروپوں کا ابھرنا بین الاقوامی تعاون میں اضافے اور مضبوطی کا متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکطرفہ ڈیڈ لائنز، یکطرفہ اعلانات اور پالیسی کی تبدیلی مشترکہ خطرے سے نمٹنے میں منفی اثرات کے حامل ہوتے ہیں۔