سکیورٹی فورسز نے چمن میں اطلاعات پر مبنی آپریشن سے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا

ISPR

راولپنڈی۔19مارچ (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے چمن میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن( آئی بی او)سے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے اتوار کوجاری اعلامیہ کے مطابق چمن اور گردونواح میں دیسی ساختہ بم نصب کرنے سمیت حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کے ایک مشتبہ ٹھکانے کو کلیئر کرنے کے لیے جنرل ایریا رحمان کہول،چمن میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔

علاقے کی مسلسل تکنیکی نگرانی اور جاسوسی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے مقام کی نشاندہی کی گئی اور اسے چیک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا۔علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی لی گئی اور اس کے نتیجے میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے۔پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔