سید مصطفیٰ کمال کا پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعہ میں نومود بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار

وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعہ میں نومود بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی دلخراش سانحہ ہے،اللہ تعالی جاں بحق بچوں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعہ میں نومود بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی دلخراش سانحہ ہے،اللہ تعالی جاں بحق بچوں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔بدھ کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک حادثہ میں 14 معصوم بچوں کی اموات ہوئی ہیں،بچوں کی نگہداشت وارڈ میں اے سی بلاسٹ ہونے سے آگ بھڑک اٹھی،وارڈ میں آکسیجن کی موجودگی کے باعث آگ نے شدت اختیار کی۔انہوں نے کہا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لئے متعلقہ انتظامیہ اور انفورسمنٹ ایجنسی موقع پر پہنچ گئی۔سیکرٹری صحت سمیت وزارت صحت کے افسران پمز میں موجود ہیں۔انہوں نے سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں حکومت اور وزارت صحت متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ناقابل تلافی نقصان پر متاثرہ خاندانوں کے غم اور دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطاء فرمائے۔

مزید خبریں