سید یوسف رضاگیلانی کی باکو میں تاجکستان اور جارجیا کے پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعلقات اور بین لپارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور

باکو/اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے باکو میں تاجکستان کی اسمبلی آف ری پریزنٹیٹوز کے چیئرمین فضل ادیزودا اور جارجیا کی ڈپٹی اسپیکر نینو سِیلو سانی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق تاجک پارلیمانی سربراہ سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور بین لپارلیمانی تعاون کو مزید …

باکو/اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے باکو میں تاجکستان کی اسمبلی آف ری پریزنٹیٹوز کے چیئرمین فضل ادیزودا اور جارجیا کی ڈپٹی اسپیکر نینو سِیلو سانی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق تاجک پارلیمانی سربراہ سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور بین لپارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور تاجکستان کی دوستی باہمی احترام، مشترکہ مذہبی اقدار اور امن، ترقی و خوشحالی کے یکساں مقاصد پر مبنی ہے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پارلیمانی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مؤثر بین لپارلیمانی تعاون باہمی اعتماد کے فروغ، بہتر قانون سازی اور عوامی مفاد پر مبنی پالیسی سازی کیلئے ناگزیر ہے۔دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی کمیٹیوں اور فرینڈشپ گروپس کے درمیان باقاعدہ روابط کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ اقتصادی ترقی، ماحولیاتی پائیداری اور حکمرانی جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین تجربات کا تبادلہ کیا جا سکے۔انہوں نے دفاعی شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ عسکری تربیت، صلاحیتوں کے فروغ اور انٹیلی جنس کے اشتراک میں تعاون علاقائی امن و استحکام میں مددگار ثابت ہوگا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان بین الاقوامی فورمز خصوصاً شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں قریبی ہم آہنگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی روابط کے فروغ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں۔انہوں نے اپنے تاجک ہم منصب کو 10 سے 12 نومبر 2025 تک پاکستان میں ہونے والی انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس علاقائی امن، سلامتی اور ترقی پر مکالمے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی اور بین الپارلیمانی و بین الحکومتی تعاون کو مزید مضبوط کرے گی۔جارجیا کی پارلیمنٹ کی ڈپٹی اسپیکر نینو سِیلو سانی سے ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی تعاون، تجارتی تعلقات، تعلیمی و ثقافتی تبادلوں اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی بات چیت کی۔

سیدیوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان جارجیا کے ساتھ دوستانہ اور تعمیری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان جارجیا کے ساتھ اقتصادی، تعلیمی، ثقافتی اور پارلیمانی شعبوں میں تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک عوامی و پارلیمانی سطح پر روابط کے فروغ اور اقتصادی و تجارتی تعلقات میں اضافے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔چیئرمین سینیٹ نے جارجیا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کو بھی اسلام آباد میں 10 سے 12 نومبر 2025 تک ہونے والی انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ یہ فورم امن، ترقی اور پارلیمانی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔