گورنر سندھ سے گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے صدرکی ملاقات

گورنر سندھ سے گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے صدرکی ملاقات

کراچی۔ 14 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے گورنر ہائوس میں گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے ملاقات کی اورگڈز ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملک شہزاد اعوان نے گورنر سندھ کو بتایا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے مطالبات پر یقین دہانیوں کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد نے اگست میں 40روز کے لیے ہڑتال موخر کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کی گئی یقین دہانیوں اور وعدوں کی تکمیل کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت اور عملدرآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے گورنر سندھ اپنا کردار ادا کریں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت کاروباری اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے ملک شہزاد اعوان کو یقین دلایا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات کے حل اور حکومت کی یقین دہانیوں پر عملدرآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اپنی ہر ممکن معاونت اور تعاون فراہم کریں گے۔