گورنر پنجاب نے 05 میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرری کی سمری کی منظوری دے دی

گورنر پنجاب نے 05 میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرری کی سمری کی منظوری دے دی

لاہور۔14ستمبر (اے پی پی):گورنرپنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ صوبے کی جامعات میں سربراہان کی تعیناتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،جامعات کو تعلیم و تحقیق کے میدان میں آگے بڑھانا ترجیح ہے۔یہ بات انہوں نے یہاں گورنر ہاوس لاہور میں پنجاب کی پبلک سیکٹر میڈیکل یونیورسٹیز میں نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلرز کے امیدواران کے انٹرویوز کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔گورنر پنجاب/چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے وزیراعلی پنجاب اور صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد پنجاب کی جامعات میں سربراہان کی تعیناتی کیلئے تجویز کردہ وائس چانسلرز کے تفصیلی انٹرویو کئے۔

گورنر پنجاب نے انٹرویوز کے بعد وائس چانسلرز کی تعیناتی کی سمری کی منظوری بھی دی۔پبلک میڈیکل یونیورسٹیوں کے انٹرویو کے لیے آنے والے امیدواروں میں پروفیسرمحمود ایاز،پروفیسر سید اصغر نقوی،پروفیسر طیبہ وسیم،پروفیسر محمد معین،پروفیسر زہرا خانم، میجر جنرل سہیل صابر،پروفیسر معروف عزیز خان،میجر جنرل سہیل امین،پروفیسر طارق اقبال اور پروفیسر جہانگیر سرور شامل تھے۔گورنر پنجاب نے انٹرویو کے بعد 05 میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرری کی سمری کی منظوری دے دی۔

ان میں ڈاکٹر محمود ایاز کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، لاہور،میجر جنرل (ر) سہیل صابر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز،میجر جنرل (ر) سہیل امین راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی راولپنڈی، پروفیسر سید اصغر نقوی فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی فیصل آباد جبکہ ڈاکٹر زہرہ خانم فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور کی وائس چانسلر تعینات کی گئی ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب/چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سفارشی کلچر کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ میرٹ اور شفافیت کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیز قدیمی تعلیمی درسگاہیں ہیں اور یہاں سے فیض یاب ہونے والے طلبہ نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے اداروں کے سربراہان کی تعیناتی پر سفارش یا کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

مزید خبریں