سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کے سلسلے میں کپاس کے کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین کے لیے چھ ماہ پر مشتمل خواندگی پروگرام کی کامیاب تکمیل پر ٹنڈوآدم میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی
کپاس کے کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین کا چھ ماہ کا خواندگی پروگرام مکمل، اسناد تقسیم

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 14 ستمبر (اے پی پی):سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کے سلسلے میں کپاس کے کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین کے لیے چھ ماہ پر مشتمل خواندگی پروگرام کی کامیاب تکمیل پر ٹنڈوآدم میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں خواتین، اساتذہ، خواندگی کے سہولت کاروں، سرکاری افسران اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد کپاس کی کاشت اور چنائی سے وابستہ خواتین کو بنیادی خواندگی کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ انہیں ان کے سماجی، معاشی اور مزدور حقوق سے آگاہ کرنا تھا۔ سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جاوید حسین نے مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کیا، انہیں روایتی اجرکیں پیش کیں اور فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد سمیت مختلف تعلیمی اور سماجی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر لٹریسی سندھ عبدالجبار مری نے خواتین کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بالخصوص دیہی اور زرعی شعبے سے وابستہ خواتین کو تعلیم کے مواقع فراہم کرکے ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم خواتین کو اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ اس موقع پر چھ ماہ کے خواندگی پروگرام کی سرگرمیوں، کامیابیوں اور شرکاء پر مرتب ہونے والے اثرات کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ پروگرام سے مستفید ہونے والی خواتین نے چھ ماہ کی تعلیم مکمل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے دوران حاصل ہونے والی تعلیم ان کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوئی ہے اور اس سے انہیں اپنے حقوق سمجھنے اور روزمرہ زندگی کے مختلف مسائل سے بہتر انداز میں نمٹنے میں مدد ملے گی۔ ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر جاوید حسین سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ یہ پروگرام خصوصی طور پر زرعی شعبے، بالخصوص کپاس کی کاشت اور چنائی سے وابستہ خواتین کے لیے ترتیب دیا گیا تھا جس کا مقصد بنیادی خواندگی کو فروغ دینے کے ساتھ خواتین کو ان کے سماجی، معاشی اور مزدور حقوق سے متعلق آگاہی فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانا تھا۔ تقریب میں سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ریجنل ڈائریکٹر مقبول احمد لغاری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (پرائمری) مٹیاری صدف اکبر میمن، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (لٹریسی) سانگھڑ اسلم لغاری، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سانگھڑ شفقت سولنگی، ڈسٹرکٹ آفیسر ویمن ڈویلپمنٹ سانگھڑ ساجد صدر اور کمال الدین خواجہ سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر چھ ماہ کا خواندگی پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والی خواتین میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ دیہی خواتین میں تعلیم کے فروغ کے لیے خدمات انجام دینے والے اساتذہ اور خواندگی کے سہولت کاروں کو بھی ان کی خدمات پر سراہا گیا۔







