سیلاب سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں، مخیر حضرات کو ان کی مدد کے لئے آگے آنا چاہئے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ بھارت کی آبی جارحیت کے نتیجے میں پاکستان کے عوام کو شدید مشکلات اور تکالیف کا سامنا ہے، اچانک چھوڑے گئے پانی کے باعث ملک میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا، اس تباہ کن صورتحال میں عوام کے گھر زمین بوس ہوگئے، مال مویشی بہہ گئے جبکہ غریب عوام کی برسوں …

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ بھارت کی آبی جارحیت کے نتیجے میں پاکستان کے عوام کو شدید مشکلات اور تکالیف کا سامنا ہے، اچانک چھوڑے گئے پانی کے باعث ملک میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا، اس تباہ کن صورتحال میں عوام کے گھر زمین بوس ہوگئے، مال مویشی بہہ گئے جبکہ غریب عوام کی برسوں کی کمائی اور جمع پونجی بھی سیلاب کی نذر ہوگئی۔

جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ یہ وقت مصیبت میں پھنسے ہم وطنوں کی بھرپور مدد کا ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں، متعلقہ ادارے، سماجی تنظیمیں اور سول سوسائٹی سب ایک ساتھ مل کر ریلیف اور بحالی کے اقدامات میں مصروف ہیں، اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ متاثرین تک زیادہ سے زیادہ امداد پہنچائی جائے۔انہوں نے بتایا کہ اسی مقصد کے تحت وہ کراچی کے ایک ہفتے کے دورے پر ہیں تاکہ وہاں کی تاجر برادری، سرمایہ کاروں، میڈیا، سیاسی رہنمائوں اور سماجی تنظیموں کے ساتھ ملاقاتیں کر سکیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سینیٹرز وقار مہدی، میر اسلم ابڑو ،کاظم علی شاہ ، ضمیر حسین گھمرو، سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن، سابق وفاقی و صوبائی وزیر مظفر شجرہ سمیت سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات کراچی موبلٹی پروجیکٹ کی کوصم علی، عقیل کریم ڈھیڈی ، احمد چنائے سے ملاقاتیں کیں۔ سیدال خان کے مطابق ان ملاقاتوں کا مقصد سیلاب زدگان کے لیے فوری، موثر اور زیادہ سے زیادہ امداد کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مخیر حضرات اور بزنس کمیونٹی کو بڑھ چڑھ کر متاثرہ عوام کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا تاکہ وہ دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔ڈپٹی چیئرمین نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ وقت ملک و قوم کو متحد ہوکر مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کا ہے، ہمیں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی کھلے دل سے مدد کرنا ہوگی تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگیوں کو بہتر انداز میں گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی اصل طاقت یکجہتی اور باہمی تعاون میں ہوتی ہے اور یہی جذبہ ہمیں موجودہ کٹھن حالات سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوگا۔