کراچی۔ 26 مئی (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پرمحکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ نے عید الاضحی پر زائد کرایہ وصولی کے خلاف مہم شروع کر دی ہے۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق سینئر وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل …
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی عید الاضحی پر زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی ہدایت

مزید خبریں
کراچی۔ 26 مئی (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پرمحکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ نے عید الاضحی پر زائد کرایہ وصولی کے خلاف مہم شروع کر دی ہے۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق سینئر وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری کارروائی کریں۔
سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی جانب سے آئی جی سندھ پولیس، تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ٹرانسپورٹ و ٹریفک پولیس کے اعلی افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ عید کا موقع خاندانوں کے ساتھ گزارنے کا ہوتا ہے اور کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھائے، کسی کو بھی عید کے موقع پر عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں افراد عید منانے کے لیے اپنے پیاروں کے پاس سفر کرتے ہیں، بعض ٹرانسپورٹرز کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیتے ہیں، جو عام شہریوں پر بوجھ اور ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف جرمانے، لائسنس معطلی اور روٹ پرمٹ کی منسوخی جیسے اقدامات کیے جائیں گے، عوام سے گزارش ہے کہ اگر ان سے کوئی زائد کرایہ وصول کرے تو فوری شکایت درج کرائیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شکایات کے لیے ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعے شکایات درج کرنے کا نظام قائم کر دیا ہے، تمام شہری واٹس ایپ نمبر 0300-3495375 پر اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں، نیز، تمام افسران کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔








